ویب ڈیسک: سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی ( سدایا) کے اشتراک سے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں داخلے کے اجازت ناموں کے اجرا کے لیے ایک نیا ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’’منصہ تصریح‘‘ متعارف کروا دیا ہے۔
یہ پلیٹ فارم ان تمام افراد کے لیے بنایا گیا ہے جو حج سیزن کے دوران کسی پیشہ ورانہ یا انتظامی ذمے داری کی انجام دہی کے لیے مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ جانا چاہتے ہیں۔ اس میں وہ افراد بھی شامل ہیں جو مملکت سے باہر سے آ رہے ہیں اور وہ بھی جو مملکت میں مقیم ہیں۔
پلیٹ فارم وزارتِ حج و عمرہ کے موجودہ پلیٹ فارم ’ نسک‘ اور ایپلیکیشن ’ توکلنا‘ کے ساتھ منسلک ہوگا۔ پرمٹ ہولڈر کی معلومات چیک پوسٹوں پر اسکینر کے ذریعے فوری طور پر حاصل کی جا سکیں گی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق، 23 اپریل 2025 سے مکہ مکرمہ میں داخلے کے لیے پرمٹ کا ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
کن افراد پر اس فیصلے کا اطلاق ہوگا؟
وہ غیر ملکی افراد جن کا اقامہ مکہ مکرمہ سے جاری ہے، انہیں پرمٹ لینے کی ضرورت نہیں۔
ایسے افراد جن کے اقامے کسی اور شہر سے جاری ہیں اور جو حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ میں داخل ہونا چاہتے ہیں، ان کے لیے پرمٹ لازمی ہوگا۔
پرمٹ جاری کرنے کا مقصد حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ میں آمد و رفت کو بہتر اور منظم بنانا ہے تاکہ رش اور سیکیورٹی کے حوالے سے کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
مزید تفصیلات اور درخواست کے لیے صارفین منصہ تصریح پورٹل، نسک پلیٹ فارم یا توکلنا ایپ کا استعمال کر سکتے ہیں۔