حج و عمرہ کے دوران بچوں کی شناخت کیلئے خصوصی سیفٹی رِسٹ بینڈز متعارف

حج و عمرہ کے دوران بچوں کی شناخت کیلئے خصوصی سیفٹی رِسٹ بینڈز متعارف
کیپشن: حج و عمرہ کے دوران بچوں کی شناخت کیلئے خصوصی سیفٹی رِسٹ بینڈز متعارف

ویب ڈیسک: مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں بچوں کی حفاظت کے لیے نیا اقدام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت بچوں کو شناختی سیفٹی رِسٹ بینڈز دیے جا رہے ہیں۔

سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں واقع مسجد الحرام کے امور کی دیکھ بھال کی جنرل اتھارٹی نے یہ بریسلٹس متعارف کرائے ہیں، جو بچوں کے سرپرستوں کے رابطہ نمبر پر مشتمل ہوتے ہیں۔ یہ اقدام بچے کے گم ہونے یا الگ ہونے کی صورت میں فوری طور پر رابطہ کرنے اور شناخت کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

یہ سیفٹی رِسٹ بینڈز زائرین کی حفاظت کو بڑھانے اور ہنگامی حالات میں مدد فراہم کرنے کے لیے ایک مربوط نظام کا حصہ ہیں۔ ان بریسلٹس کا مقصد حرمین شریفین میں بچوں کے تحفظ اور نظم و ضبط کو مزید بہتر بنانا ہے۔

گلف میڈیا کے مطابق، یہ بریسلٹس اہم داخلی دروازوں جیسے باب عبدالعزیز اور باب فہد (گیٹ نمبر 79) پر دستیاب ہیں، جہاں مخصوص عملہ سرپرستوں کو رابطہ معلومات رجسٹر کرانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

سعودی حکام نے تمام سرپرستوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں، خاص طور پر مصروف اوقات جیسے عمرہ سیزن اور حج کے دوران، جب مسجد الحرام میں زائرین کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔

Watch Live Public News