جیل سے وائرل ہونے والی تصویر عمران خان کی: علیمہ خان نے تصدیق کردی

جیل سے وائرل ہونے والی تصویر عمران خان کی: علیمہ خان نے تصدیق کردی

ویب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جیل سے منسوب ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں انہیں پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں ورزش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس حوالے سے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے تصویر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وائرل ہونے والی تصویر مصنوعی ذہانت ( اے آئی) سے تیار کردہ نہیں بلکہ عمران خان کی اصل تصویر ہے۔

علیمہ خان کے مطابق تصویر سامنے آنے پر ابتدا میں انہیں بھی شبہ ہوا کہ یہ اے آئی کے ذریعے بنائی گئی ہو سکتی ہے جس کے بعد انہوں نے یہ تصویر چند افراد کو بھیجی اور ان سے تصدیق کروائی کہ آیا یہ تصویر حقیقی ہے یا نہیں کیونکہ تصویر میں موجود شخصیت عمران خان سے مشابہت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تصدیق کے بعد انہیں یقین ہو گیا کہ یہ تصویر عمران خان کی ہی ہے تاہم یہ تصویر قیدِ تنہائی سے پہلے کی ہے اور غالباً گرمیوں کے موسم میں لی گئی تھی، جس کا اندازہ تصویر میں پسینے کی موجودگی سے ہوتا ہے۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے عمران خان کو قریب سے دیکھا ہے اور وہ بالکل اسی طرح نظر آتے ہیں۔

علیمہ خان نے مزید کہا کہ انہیں یہ معلوم نہیں کہ یہ تصویر کس نے اور کس مقصد کے تحت جاری کی تاہم اگر یہ تصویر خود جاری کی گئی ہے تو یہ خوش آئند بات ہے کیونکہ ہم نے عمران خان کو دیکھ لیا ہے۔

Watch Live Public News