بانی پی ٹی آئی کیخلاف تحریک عدم اعتماد جنرل باجوہ کے کہنے پر لائے، مولانا فضل الرحمان 

بانی پی ٹی آئی کیخلاف تحریک عدم اعتماد جنرل باجوہ کے کہنے پر لائے، مولانا فضل الرحمان 

(ویب ڈیسک ) جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ  بانی پاکستان تحریک انصاف کیخلاف تحریک عدم اعتماد جنرل باجوہ کے کہنے پر لائے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 2024کے الیکشن چوری ہوئے ہیں کسی سے کچھ پوشیدہ نہیں، انتخابات میں دھاندلی کیخلاف سڑکوں پر احتجاج کریں گے، انتخابی دھاندلی کیخلاف احتجاجی سیاست ہو گی، سڑکوں کو گرمائیں گے،2018میں بھی دھاندلی ہوئی تھی اور اب بھی دھاندلی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  تاثر موجود ہے کہ نواز شریف کو لاہور کی سیٹ دی گئی ہے۔ پی ٹی آئی کیخلاف عدم اعتماد کے حق میں نہیں تھا، پی ٹی آئی کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک پیپلزپارٹی چلا رہی تھی، جنرل(ر)فیض حمید میرے پاس آئے اور کہا جو کرنا ہے سسٹم کے اندر رہ کر کریں۔

  مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر میں عدم اعتماد  سے انکار کرتا تو کہا جاتا کہ مولانا نے بانی پی ٹی آئی کو بچایا، عدم اعتماد سے متعلق جنرل (ر) فیض اور جنرل (ر)قمرجاویدباجوہ ہمارے ساتھ رابطے میں تھے۔ پی ٹی آئی کے ساتھ دماغ کا فرق ہے جو ختم ہوسکتا ہے، اسمبلی میں ہم تحفظات کے ساتھ جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے میرا کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں ہے، پارلیمان میں فیصلے اور پالیسیاں کہیں اور سے آئینگی ،آئندہ پارلیمان   پی ٹی آئی والے دور سے زیادہ ہائبرڈ پلس  ہوگا،موجودہ پارلیمنٹ کا کوئی مستقبل نظر نہیں آرہا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ن لیگ نے66سیٹوں کے ساتھ ملک بچانےکیلئے حکومت لینے کا اعلان کیا، یہ پارلیمان چلنے والا پارلیمان نہیں ہو گا سیاسی اور معاشی عدم استحکام ہو گا، ہمارا مؤقف ہے کہ پی ٹی آئی کیلئے ہمارے ساتھ دھاندلی کی گئی۔

Watch Live Public News