اوکاڑہ: مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف پر ظلم کرنے والا ایک ایک کردار اپنے انجام کو پہنچ رہا ہے، یہ نواز شریف نے انتقام نہیں لیا، قدرت نے سو موٹو نوٹس لیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے اوکاڑہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کا نام لیے بغیر کہا کہ آپ کے امپائر بھی پکڑے گئے، جعلسازی بھی پکڑی گئی، سہولت کاری بھی پکڑی گئی، نواز شریف پر ظلم کرنے والا ایک ایک کردار اپنے انجام کو پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد جماعت کو سیاسی جماعت کا انتخابی نشان نہیں مل سکتا، آپ کا انتخابی نشان بلّا نہیں ڈنڈا تھا جس سے قومی تنصیبات پر حملے کیے گئے، وہ ڈنڈا اب چھین لیا گیا ہے۔ مریم نواز نے خطا ب میں کہا کہ یہ نواز شریف نے انتقام نہیں لیا، قدرت نے سو موٹو نوٹس لیا ہے، وہ بزدل جوتیاں چھوڑ کر استعفیٰ دے کر بھاگا ہے، قدرت کی لاٹھی بے آواز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو جتنا بڑا ظالم ہوتا ہے وہ اتنا ہی بڑا بزدل ہوتا ہے، دوسروں کا احتساب کرتے ہوئے یہ لوگ فرعون بنے ہوئے تھے، آج ان کی اپنی باریاں آئیں تو یہ جوتیاں چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ لوگوں کو چور چور کہنے والے نے گھڑیاں چوری کیں، آج جو کچھ ان کے ساتھ ہو رہا ہے اس کے ذمے دار وہ خود ہیں، شور مچا رہے ہیں کہ انتخابی نشان واپس لے لیا، تمہارا انتخابی نشان وہ گھڑی ہونی چاہیے جو چوری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو کہہ دیتے ہیں تمہیں ڈنڈے یا پیٹرول بم کا نشان دے دے۔ اگر تم سمجھتے ہو کہ انٹرا پارٹی الیکشن میں فراڈ کر کے بچ سکتے ہو تو ایسا نہیں ہو گا، اب فیصلے عوام کی عدالت کرے گی یا لاء کرے گا، مدر ان لاء کے فیصلے کی سہولت نہیں، نہ ان کی سہولت کاری رہی نہ وہ سہولت کار رہے، اللّٰہ نے ان سہولت کاروں کو عبرت ناک انجام تک پہنچایا۔ مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو ایک مضبوط حکومت دینی ہے۔ جتنی مضبوط حکومت نواز شریف کو دیں گے اتنی سستی دوائی عوام کو ملے گی، ہمارے دل میں انتقام کا جذبہ نہیں، نواز شریف آج میٹنگ کر رہے تھے کہ لوگوں کو سستی بجلی اور گیس کیسے دینی ہے، ہماری حکومت کی پوری توجہ مہنگائی کو کم کرنے پر ہوگی، میری سب سے زیادہ توجہ نوجوانوں کا مستقبل بہتر کرنے پر ہو گی، ہر ضلع میں دانش اسکول اور اسپتال بنائیں گے۔