ویب ڈیسک: لاہور میں بسنت کی تیاریاں زوروں پر ہیں اور بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی اس تہوار میں شرکت کے لیے وطن پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
امریکا کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کے بانی عدنان منور کے مطابق لاہور کی فضا جلد ہی رنگ برنگی پتنگوں اور خوشیوں سے سج جائے گی۔ انہوں نے بسنت منانے کی اجازت دینے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا اور طویل عرصے بعد اس تہوار کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔
واضح رہے کہ بسنت کے موقع پر شہریوں کے لیے بڑی سفری سہولت بھی متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے ساتھ 10 ہزار رکشے شہریوں کے لیے تین دن تک مفت دستیاب ہوں گے۔ معروف رائیڈ ہیلنگ کمپنیوں “ینگو” اور “ان ڈرائیو” کے ساتھ معاہدے کے تحت یہ رکشے شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو آن لائن بکنگ کے بغیر دستیاب ہوں گے، اور لوگ کسی بھی مقام سے سوار ہو کر بلا معاوضہ سفر کر سکیں گے۔
اس کے ساتھ شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ بھی مکمل طور پر مفت ہو گی اور ڈویژن کے دیگر اضلاع سے لاہور کے لیے خصوصی بسیں چلائی جائیں گی۔ حکام کے مطابق یہ سہولت موٹرسائیکل کے استعمال میں کمی، ٹریفک دباؤ کم کرنے اور شہریوں کو محفوظ و آسان سفر فراہم کرنے کے لیے دی جا رہی ہے۔ اس اقدام سے بسنت کے دوران ٹریفک حادثات میں کمی کی بھی توقع ہے۔