ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی سینئر براڈ کاسٹر عشرت فاطمہ کے گھر آمد، عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا عشرت فاطمہ کی نیوز کاسٹنگ اور براڈکاسٹنگ سروسز کے حوالے سے ایک پہچان ہے، ان سے درخواست کی ہے کہ بطور مینٹور پاکستان ٹیلی ویژن آئیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ عشرت فاطمہ نے اپنے 45 سالہ کیریئر میں ملک کے لئے خدمات سر انجام دیں، پاکستان کا بچہ بچہ ان کو جانتا ہے، عشرت فاطمہ پاکستان ٹیلی ویژن کی پہچان ہیں، عشرت فاطمہ نے ہمیشہ پیشہ ورانہ انداز سے کام کیا۔
آج مجھے آپا عشرت فاطمہ کے گھر حاضر ہونے کا شرف حاصل ہوا، میں نے ان سے پاکستان ٹیلی ویژن میں نئی نسل کے نیوز کاسٹرز کے تلفظ اور ان کی تربیت میں اپنا کردار ادا کرنے کی گزارش کی،جس پر انہوں نے فراخ دلی سے آمادگی کا اظہار فرمایا۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیلی ویژن اور مجموعی طور پر براڈکاسٹنگ سروسز میں جن سینیئر شخصیات نے اپنی قیمتی خدمات سرانجام دی ہیں، نہ صرف ان کی بھرپور دیکھ بھال کی جائے گی،ان کے تجربے اور خدمات کی انشاء اللہ حقیقی قدر بھی کی جائے گی۔
ریڈیو پاکستان چھوڑنا ان کا اپنا فیصلہ تھا جس کو ہم نے قبول کیا اور پی ٹی وی میں ان کو خوش آمدید کہتے ہیں، عشرت فاطمہ کا کبھی سیاست سے کوئی تعلق نہیں رہا،انہوں نے پروفیشنل طور پر اپنی پوری زندگی گزاری ہے، ان سے درخواست کی ہے کہ بطور مینٹور پاکستان ٹیلی ویژن آئیں۔
اس موقع پر سینئر براڈ کاسٹر عشرت فاطمہ کا کہنا تھا کہ وزیر اطلاعات کی جانب سے عزت افزائی کی مشکور ہوں، حوصلہ افزائی اور محبت کا اظہار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔