ویب ڈیسک: حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے روزانہ کی بنیاد پر نیا نظام متعارف کرانے پر غور کیا جا رہا ہے، جس کے تحت اوگرا کو قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار دیا جا سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مجوزہ طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین میں حکومت کا کردار محدود ہو جائے گا، جبکہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) روزانہ کی بنیاد پر قیمتیں طے کرے گی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق نئے نظام میں اوگرا موٹر اسپرٹ (پیٹرول)، ہائی اسپیڈ ڈیزل، لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں کا تعین کرے گی، جبکہ نئی قیمتیں ہر روز رات 12 بجے سے نافذ ہونے کی تجویز ہے۔
دوسری جانب آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے روزانہ قیمتوں کے تعین کے مجوزہ نظام پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔
ایسوسی ایشن نے اپنے بیان میں کہا کہ ہفتہ وار قیمتوں کے موجودہ نظام نے پہلے ہی پٹرول پمپ مالکان کے کاروبار کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ قیمتوں میں بار بار تبدیلی سے اسٹاک مینجمنٹ، مالی منصوبہ بندی اور کاروباری استحکام متاثر ہو رہا ہے، جبکہ روزانہ قیمتوں کے تعین سے مسائل میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے کہا کہ اتنے اہم فیصلے میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز، خصوصاً پٹرول پمپ مالکان کو اعتماد میں نہیں لیا جا رہا۔ ان کے مطابق کسی بھی پالیسی کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت ضروری ہے۔
ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ روزانہ قیمتوں کے تعین کے مجوزہ نظام پر نظرثانی کی جائے اور پٹرول پمپ مالکان سے مشاورت کے بعد متوازن پالیسی تشکیل دی جائے۔
بیان میں کہا گیا کہ قیمتوں کے موجودہ نظام کو بہتر بناتے ہوئے کم از کم ماہانہ بنیادوں پر قیمتوں کے تعین پر غور کیا جائے، بصورت دیگر ایسوسی ایشن آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرنے پر مجبور ہوگی۔