ویب ڈیسک: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ایران کے نو منتخب صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں خطے کی موجودہ صورتِ حال اور امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق گفتگو کے دوران سعودی ولی عہد نے زور دیا کہ علاقائی تنازعات کو حل کرنے کے لیے طاقت کے بجائے سفارتی اور پُرامن طریقے اپنائے جائیں۔
محمد بن سلمان نے ایران کی خودمختاری اور سلامتی پر کسی بھی حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حکومت دانستہ طور پر کشیدگی میں اضافہ کر رہی ہے تاکہ امریکا کو جنگ میں گھسیٹا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری اسلامی دنیا ایران کے ساتھ کھڑی ہے، اور ہمیں یقین ہے کہ ایران موجودہ صورتِ حال میں دانش مندی کا مظاہرہ کرے گا۔
جواباً ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ہر بار جب امن قریب آتا ہے تو اسرائیل کسی نہ کسی طریقے سے اسے ناکام بنانے کی کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران اور سعودی عرب مل کر خطے میں پائیدار امن قائم کریں گے۔