جنیوا میں ایران امریکا معاہدے کی تقریب کی میزبانی پاکستان کرے گا: وزیراعظم شہباز شریف

جنیوا میں ایران امریکا معاہدے کی تقریب کی میزبانی پاکستان کرے گا: وزیراعظم شہباز شریف
کیپشن: جنیوا میں ایران امریکا معاہدے کی تقریب کی میزبانی پاکستان کرے گا: وزیراعظم شہباز شریف

ویب ڈیسک: وزیرِاعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والے تاریخی معاہدے کی باضابطہ تقریبِ دستخط جمعے کو جنیوا میں منعقد ہوگی، جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دنیا نے امن کی جانب ایک تاریخی سنگ میل عبور کیا ہے اور جنگ کی تاریک رات کے بعد امن کا سورج طلوع ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا نے تمام محاذوں پر فوجی کارروائیوں کے فوری اور مستقل خاتمے پر اتفاق کیا ہے، جو خطے اور عالمی امن کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر پاکستانی قوم سمیت عالمی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ایوان کے تمام اراکین اور سیاسی قیادت کے لیے بھی قابلِ فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس عمل میں سابق وزیراعظم نواز شریف، صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے تعاون اور حمایت کے شکر گزار ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنگ کے خاتمے کیلئے غیر معمولی کردار ادا کیا۔ اُن کو پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ جنگ کو روکنے کیلئے فیلڈ مارشل شب و روز جاگے۔ پاکستان کے اس عظیم سپوت نے مذاکرات کے دوران ہمت نہیں ہاری۔ کئی دفعہ ایسے لگا کہ مذاکرات ختم ہوجائیں گے۔

شہباز شریف کے مطابق یہ تاریخی معاہدہ سفارتکاری، مذاکرات اور مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے، جس نے تنازع کے حل کا ایک نیا راستہ کھولا ہے۔

وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو بھی اس پیش رفت پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے مذاکراتی ٹیموں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل اور پیچیدہ حالات میں صبر، دانشمندی اور حکمت عملی کے ساتھ کردار ادا کرنے والے تمام افراد تعریف کے مستحق ہیں۔

شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ اس پورے صبر آزما عمل میں ان کی سفارتی کوششیں انتہائی اہم رہی ہیں۔

Watch Live Public News