ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی متاثرہ آنکھ کا فالو اپ طبی معائنہ مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے دوران انہیں انٹرا ویٹریل انجکشن کی پانچویں ڈوز بھی لگا دی گئی ہے۔
جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو گزشتہ رات اڈیالہ جیل سے سخت سیکیورٹی میں پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ماہر ڈاکٹروں نے ان کی آنکھ کا مکمل طبی معائنہ کیا۔
ذرائع کے مطابق معائنے کے بعد انہیں طبی پروٹوکول کے تحت انجکشن لگایا گیا، جبکہ اس سے قبل بھی انہیں چار انٹرا ویٹریل انجکشن لگائے جا چکے ہیں۔ موجودہ مرحلہ اسی علاجی سلسلے کا تسلسل ہے۔ طبی عمل مکمل ہونے کے بعد عمران خان کو دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بھی عمران خان کے اسپتال منتقل کیے جانے اور طبی معائنے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو گزشتہ شب اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال لے جایا گیا تھا۔