ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ نے بیجنگ میں تجارتی مذاکرات کے پہلے روز چین اور امریکا کے تعلقات کو دنیا کا سب سے اہم رشتہ قرار دیتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
گریٹ ہال آف دی پیپل میں ہونے والی ملاقات کے دوران شی جن پنگ نے خبردار کیا کہ اگر دونوں ممالک نے تعلقات کو درست انداز میں نہ سنبھالا تو دنیا خطرناک صورتِ حال سے دوچار ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور امریکا کو حریف نہیں بلکہ شراکت دار بننا چاہیے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے شی جن پنگ کو اپنا دوست قرار دیتے ہوئے ان کی قیادت کو سراہا اور انہیں وائٹ ہاؤس آنے کی دعوت بھی دی۔
ملاقات میں تجارت، تائیوان، ایران اور عالمی استحکام سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شی جن پنگ نے تائیوان کے معاملے کو دونوں ممالک کے تعلقات کا سب سے حساس مسئلہ قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ چین اور امریکا کے تعلقات کو تعمیری اور مستحکم بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے گا، جبکہ آبنائے ہرمز کھلی رکھنے اور ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل نہ کرنے دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔