دی اکانومسٹ کی رپورٹ پر عطاءتارڑ کا ردعمل آگیا

دی اکانومسٹ کی رپورٹ پر عطاءتارڑ کا ردعمل آگیا
کیپشن: دی کانومسٹ کی رپورٹ پر عطاءتارڑ کا ردعمل آگیا

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے برطانوی جریدے دی اکانومسٹ کی حالیہ رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب عالمی میڈیا بھی یہ لکھ رہا ہے کہ عمران خان اپنے فیصلے خود نہیں کرتے تھے بلکہ ان کی اہلیہ، روحانیت کے لبادے میں، سرکاری معاملات پر اثر انداز ہوتی تھیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ جریدے نے اپنی رپورٹ میں واضح کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ حکومتی پالیسیوں اور فیصلوں پر گہرا اثر رکھتی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم اہم حکومتی فیصلے ماہرین کی رائے کے بجائے بشریٰ بی بی سے پوچھ کر کرتے تھے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ “دنیا کے معتبر جریدے بھی لکھ رہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کے تمام بڑے سیاسی، انتظامی اور معاشی فیصلوں کے پیچھے ان کی اہلیہ تھیں۔ عمران خان کی سیاست منافقت اور جھوٹ کے سوا کچھ نہیں تھی۔”

واضح رہے کہ برطانوی جریدے دی اکانومسٹ نے اپنی تفصیلی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی ذاتی اور سیاسی زندگی میں بشریٰ بی بی کا گہرا عمل دخل تھا اور وہ سرکاری فیصلوں میں بھی رہنمائی کیا کرتی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق بنی گالہ میں ان کے آنے کے بعد بعض غیر معمولی روحانی رسومات کا سلسلہ شروع ہوا، جن میں کالے بکرے یا مرغیوں کے سر قبرستان میں پھینکوانا، عمران خان کے سر پر کچا گوشت گھمانا اور لال مرچیں جلوانا شامل تھا۔

Watch Live Public News