تصویر میں بال کیوں غائب کیے؟ڈونلڈٹرمپ ٹائم میگزین پر برس پڑے

تصویر میں بال کیوں غائب کیے؟ڈونلڈٹرمپ ٹائم میگزین پر برس پڑے
کیپشن: تصویر میں بال کیوں غائب کیے؟ڈونلڈٹرمپ ٹائم میگزین پر برس پڑے

ویب ڈیسک: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معروف جریدے ٹائم میگزین پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میگزین نے مشرقِ وسطیٰ میں ان کی امن کوششوں پر تو نسبتاً مثبت رپورٹ شائع کی، مگر تصویر میں ان کے بال غائب کر دیے گئے ہیں، جو اُن کے مطابق ’تاریخ کی بدترین تصویر‘ ہے۔

منگل کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل (Truth Social) پر جاری بیان میں ٹرمپ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’’ ٹائم میگزین نے میرے بارے میں نسبتاً اچھی خبر تو لکھی، لیکن تصویر اتنی بری ہے کہ یقین کرنا مشکل ہے۔ اُنہوں نے میرے بال غائب کر دیے اور سر پر ایک چھوٹا سا ’تاج‘ سا بنا دیا — جو بالکل عجیب ہے۔‘‘

العربیہ نیوز کے مطابق، ٹائم میگزین نے یہ تصویر پیر کے روز پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر شیئر کی۔ تصویر ایک نچلے زاویے سے لی گئی ہے، جس میں ٹرمپ کی گردن، پشت سے پڑتی روشنی اور بالوں کا عکس نمایاں ہے۔ ٹائم کی یہ پوسٹ جلد ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جہاں صارفین کی جانب سے ملے جلے تبصرے سامنے آئے۔

ٹرمپ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’’مجھے ہمیشہ نچلے زاویے سے لی گئی تصاویر پسند نہیں رہیں، مگر یہ تصویر تو انتہائی خراب ہے۔ میں سوچ رہا ہوں کہ وہ آخر کر کیا رہے ہیں؟‘‘

واضح رہے کہ ٹائم میگزین نے 10 اکتوبر کو شائع ہونے والی اپنی رپورٹ میں غزہ میں جنگ بندی معاہدے کو ٹرمپ کے لیے ایک بڑی سفارتی کامیابی اور سیاسی بحالی کی علامت قرار دیا تھا۔ اس معاہدے کے نتیجے میں اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی عمل میں آئی تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ ماضی میں بھی ٹائم میگزین کی اپنی رپورٹس اور سرورق پر گہری نظر رکھتے آئے ہیں۔ انہیں یہ جریدہ 2016 اور 2024 میں دو مرتبہ پرسن آف دی ایئر (Person of the Year) قرار دے چکا ہے۔

Watch Live Public News