اگرہتھیارنہ ڈالے توطاقت سے غیرمسلح کریں گے، ٹرمپ کی حماس کو وارننگ

اگرہتھیارنہ ڈالے توطاقت سے غیرمسلح کریں گے، ٹرمپ کی حماس کو وارننگ
کیپشن: اگرہتھیارنہ ڈالے توطاقت سے غیرمسلح کریں گے، ٹرمپ کی حماس کو وارننگ

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینی تنظیم حماس کو ایک بار پھر سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تنظیم نے ان کے امن معاہدے پر عمل درآمد نہ کیا تو امریکہ ”فوری اور ممکنہ طور پر طاقت کے ذریعے“ اقدامات کرے گا۔

بین الاقوامی میڈیارپورٹس کے مطابق منگل کے روز وائٹ ہاؤس میں ارجنٹائن کے صدر کے ساتھ ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے حماس کو واضح پیغام پہنچا دیا ہے کہ وہ ان کے 20 نکاتی امن منصوبے کے تحت غیر مسلح ہونے پر رضامند ہو چکی ہے۔ تاہم، اگر حماس نے وعدہ خلافی کی تو ”ہم انہیں خود غیر مسلح کر دیں گے، اور یہ سب فوری اور طاقت کے ساتھ ہوگا۔“

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے تمام فریقین کو سنجیدہ اقدامات کرنے ہوں گے، اور امریکہ اس حوالے سے کوئی نرمی نہیں دکھائے گا۔

چین پر شدید تنقید
اسی موقع پر پریس بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپ نے چین پر بھی تنقید کے نشتر برسائے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین نے جان بوجھ کر امریکی سویابین کی خریداری بند کر دی ہے، جو امریکہ کے خلاف معاشی دشمنی کے مترادف ہے۔ ان کے بقول، ”ہم چین کے ساتھ تجارتی تعلقات محدود یا مکمل طور پر ختم کرنے پر غور کر رہے ہیں۔“

ٹرمپ نے کہا کہ چین کی پالیسیوں سے امریکی کسان متاثر ہو رہے ہیں، لیکن امریکہ اپنی ضروریات خود پوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ”ہم اپنا کوکنگ آئل خود تیار کر سکتے ہیں، ہمیں چین سے خریدنے کی ضرورت نہیں۔“

غزہ کی صورتحال اور جنگ بندی کی خلاف ورزی
ادھر غزہ میں امریکہ کی ثالثی سے طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے بعد حماس نے اسرائیل کو 20 یرغمالیوں کو زندہ حالت میں واپس کیا، جب کہ 4 ہلاک شدہ اسرائیلیوں کی لاشیں بھی ریڈ کراس کے ذریعے حوالے کی گئیں۔

اس کے بدلے میں اسرائیل نے 1800 سے زائد فلسطینی قیدی رہا کیے، تاہم اطلاعات کے مطابق، اسرائیلی افواج نے گزشتہ روز جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے 9 فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔ فلسطینی حکام نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت رکوانے میں کردار ادا کرے۔

Watch Live Public News