ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے قطر کے بارے میں اسرائیل کو محتاط رہنے کا واضح پیغام دیا ہے۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ قطر نہ صرف ایک قریبی اتحادی ہے بلکہ امریکا کے ساتھ اس کے تعلقات خصوصی نوعیت کے ہیں۔ ان کے بقول، قطر کے امیر ایک عظیم رہنما ہیں جنہوں نے خطے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اس موقع پر ایک صحافی نے صدر ٹرمپ سے سوال کیا کہ اگر اسرائیل قطر پر حملہ کرتا ہے تو اس حوالے سے ان کا اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے لیے کیا پیغام ہے؟ جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل کو اس معاملے میں بہت زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ اسرائیل کو حماس کے حوالے سے اپنے فیصلے کرنے ہیں لیکن قطر امریکا کا قریبی دوست ہے اور اس حقیقت کو اکثر لوگ نظرانداز کر دیتے ہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ قطر کی اہمیت کو کم نہیں سمجھنا چاہیے کیونکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے قطر کے ساتھ تعلقات امریکا کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق امریکا یہ چاہتا ہے کہ تمام اتحادی ایک دوسرے کے ساتھ احترام اور توازن کے ساتھ آگے بڑھیں۔
Reporter: What is your message to Netanyahu about strikes on Qatar?
— Acyn (@Acyn) September 14, 2025
Trump: They have be very careful. They have to do something about Hamas. But Qatar has been a great ally to the US. A lot of people don’t know that. pic.twitter.com/HyfZlLN1Ab
دوسری جانب امریکی صدر نے روس پر پابندیاں عائد کرنے کے امکان پر بھی کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا روس کے خلاف مزید اقدامات کرنے کے لیے تیار ہے، لیکن یورپ کو بھی اس حوالے سے امریکا کا ساتھ دینا ہوگا۔ ٹرمپ کے مطابق یورپ کی بڑی مقدار میں روس سے تیل کی خریداری امریکا کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکا یہ نہیں چاہتا کہ یورپی ممالک روسی توانائی پر انحصار کرتے رہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل امریکا نے بھارت پر بھی روس سے تیل کی خریداری کے باعث بھاری ٹیرف عائد کیا تھا، جس سے عالمی سطح پر توانائی کے معاملات مزید پیچیدہ ہو گئے ہیں۔