ویب ڈیسک: بالی ووڈ اداکار نوازالدین صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’ گینگز آف واسع پور‘ کی کامیابی کے بعد ان کا کیریئر بدل گیا اور انہیں تقریباً 200 فلموں کی پیشکش ہوئی۔
ایک انٹرویو میں نوازالدین صدیقی نے بتایا کہ فلم کی ریلیز کے بعد بڑی تعداد میں اسکرپٹس ان کے پاس آئے، جبکہ بعض فلم سازوں نے انہیں معاوضہ اور شوٹنگ کی تاریخیں خود طے کرنے کی پیشکش بھی کی۔
اداکار کے مطابق بعض افراد نے انہیں خالی چیک تک دیے اور کہا کہ وہ اپنی مرضی کی رقم اور دستیاب تاریخیں خود درج کر دیں، تاہم انہوں نے فوری طور پر کوئی فلم سائن نہیں کی۔
نوازالدین صدیقی نے بتایا کہ انہوں نے تقریباً تمام اسکرپٹس مسترد کردیے کیونکہ انہیں کوئی کردار متاثر کن نہیں لگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی سال کی جدوجہد کے بعد وہ اس مقام پر پہنچ چکے تھے جہاں صرف کام اور معاوضے کے لیے کسی بھی منصوبے کا انتخاب ضروری نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ مناسب منصوبے کا انتظار کرنے کا فیصلہ بعد میں ان کے حق میں ثابت ہوا اور انہیں مزید مضبوط کرداروں کی پیشکش ہونے لگی۔
واضح رہے کہ نوازالدین صدیقی نے 1999 میں فلم ’سرفروش‘ سے بالی ووڈ میں مختصر کردار کے ذریعے قدم رکھا، جبکہ ’ گینگز آف واسع پور 2‘ ان کے کیریئر کا اہم موڑ ثابت ہوئی۔