تجارتی کشیدگی: چین نے امریکی بوئنگ طیاروں کی خریداری پر پابندی لگا دی

تجارتی کشیدگی: چین نے امریکی بوئنگ طیاروں کی خریداری پر پابندی لگا دی
کیپشن: تجارتی کشیدگی: چین نے امریکی بوئنگ طیاروں کی خریداری پر پابندی لگا دی

ویب ڈیسک: چین اور امریکا کے درمیان جاری تجارتی کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی ہے، چین نے اپنی قومی ایئرلائنز کو امریکی ساختہ بوئنگ طیاروں سمیت دیگر امریکی ساز و سامان کی خریداری سے روک دیا ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق، چینی حکومت نے مقامی ایئرلائن کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ امریکی کمپنیوں سے آلات، اسپیئر پارٹس اور خاص طور پر بوئنگ طیارے نہ خریدیں۔ یہ فیصلہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی مصنوعات پر 145 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس تجارتی اقدام کے بعد واشنگٹن اور بیجنگ کے تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے اس حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ چین کے ساتھ معاہدے کے لیے تیار ہیں، تاہم یہ فیصلہ چین کو کرنا ہے کہ وہ مذاکرات کی میز پر آتا ہے یا نہیں۔ "بال اب چین کے کورٹ میں ہے،" ترجمان کا کہنا تھا۔

دوسری جانب ایک امریکی جریدے کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ واشنگٹن حکومت ٹیرف مذاکرات کو چین پر دباؤ بڑھانے کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکا 70 سے زائد ممالک پر زور دے گا کہ وہ چین کو تجارتی راہداری کی سہولیات نہ دیں اور اگر وہ امریکی ٹیرف سے بچنا چاہتے ہیں تو اپنے ممالک میں چینی کمپنیوں کی موجودگی کو محدود کریں۔

اس پیش رفت سے عالمی تجارتی منظرنامے میں غیر یقینی صورتحال میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ ہوابازی اور ٹیکنالوجی سمیت کئی اہم شعبے براہِ راست متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

Watch Live Public News