ویب ڈیسک: سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہےکہ میں نے سیاسی روزہ رکھا ہوا ہے، وقت آنے پر کھولوں گا۔سیاست میں درست وقت اور درست فیصلہ ہی اصل کامیابی کی کنجی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا کہ سیاست میں وقت کا انتخاب بہت ضروری ہوتا ہے، سیاسی روزہ رکھا ہوا ہے وقت آنے پر کھولوں گا۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھاکہ یہ روزہ طویل نہیں ہوسکتا، میں 17 بار وزیر رہا ہوں ،پتہ ہے روزہ کب کھولنا ہے، پاکستان میں حالات بہتری کی جانب گامزن ہوں گے۔
سپریم کورٹ میں شیخ رشید کی پیشی
قبل ازیں سپریم کورٹ میں شیخ رشید کی بریت درخواست مسترد کرنے کیخلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔
وکیل ذوالفقار نقوی نے کہا کہ شیخ رشید نے بریت درخواست مسترد کرنے کیخلاف اپیل کی ہے، شیخ رشید کی اپیل پر دلائل کی تاریخ رکھ لیں۔
شیخ رشید کے وکیل سردار رازق نے کہا کہ میرے موکل کیخلاف کوئی ریفرنس نہیں۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیئے کہ ٹرائل کورٹ کا 4 ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے کا کہہ دیتے ہیں۔
جسٹس شکیل احمد نے ریمارکس دیئے کہ ٹرائل میں عدم شواہد پر بریت کی دلیل لے سکتے ہیں۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کا فیصلہ درست قرار دیا تو آپکے موکل کا حق متاثر ہو سکتا ہے،آپ اپنے موکل کو بتادیں کہ وہ سوچ لیں۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 22 اپریل تک ملتوی کردی۔
راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیشی
علاوہ ازیں شیخ رشید سپریم کورٹ پیشی سے قبل جی ایچ کیو حملہ کیس میں راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت میں حاضری لگوانے کے بعد روانہ ہوگئے، انہوں نے سپریم کورٹ میں کیس کے باعث عدالت سے جانے کی اجازت لی۔