حلقہ این اے 66، عطاء تارڑ کے بھائی بلال فاروق تارڑ کو ٹکٹ جاری کردیا گیا

حلقہ این اے 66، عطاء تارڑ کے بھائی بلال فاروق تارڑ کو ٹکٹ جاری کردیا گیا

ویب ڈیسک:پاکستان مسلم لیگ ن نے این اے 66 وزیر آباد کیلئے بلال فاروق تارڑ کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیا، بلال فاروق تارڑ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کے بھائی ہیں۔

این اے 66 وزیر آباد ضمیی الیکشن کا معاملہ ، پاکستان مسلم لیگ ن نے این اے 66 وزیر آباد کیلئے بلال فاروق تارڑ کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیا۔وزیر آباد اور گکھڑ میں تارڑ برادران اور ان کے ساتھیوں کے ڈیروں پر جشن کا سماں، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے۔

بلال فاروق تارڑ کو ٹکٹ ملنے پر عطاء تارڑ نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’’اللہ  تعالی کا شکر ہے، ہم اس رب کے آگے سر بسجود ہیں۔

ہم اپنے قائد میاں محمد نواز شریف صاحب کے تہہ دل سے مشکور ہیں اور وزیر اعظم شہباز شریف صاحب کے بہت شکرگزار ہیں۔ پارٹی نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

پارلیمانی بورڈ کے تمام اراکین کا شکریہ۔ یہ ٹکٹ پارٹی کی اور پارٹی کے کارکنان کی امانت ہے۔ انشاءاللہ بھرپور محنت کریں گے، وفاداری کے ساتھ۔

 این اے 66 وزیرآباد میں پی ٹی آئی کے محمد احمد چٹھہ کو عدالت کی طرف سے سزا ملنے کے بعد الیکشن کمشن نے یہ حلقہ خالی قرار دے دیا تھا۔

 گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کی زیرِ صدارت مری میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیرِاعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار، وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف اور دیگر رہنما بھی شریک تھے۔ میاں نواز شریف نے این اے 66 وزیر آباد سے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کے بھائی بلال فاروق تارڑ کو اپنا امیدوار نامزد کرنے کی منظوری دے دی تھی۔ 

Watch Live Public News