ویب ڈیسک: انتہائی غم اور دکھ کے ساتھ مطلع کیا جاتا ہے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل جناب شمشاد اختر ضلع ٹانک میں دہشت گردی کی کارروائی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید ہو گئے۔
ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق مرحوم نہایت دیانت دار، شریف النفس اور فرض شناس افسر تھے۔ ان کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی اور یہ واقعہ خالصتا ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہے۔ شہید شمشاد خان اپنے ساتھیوں اور رفقائے کار میں انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔
چیف الیکشن کمشنر، ارکانِ الیکشن کمیشن، سیکرٹری اور الیکشن کمیشن کے تمام ملازمین نے اس المناک سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پورا الیکشن کمیشن سوگوار خاندان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ الیکشن کمشن اور اس کے تمام ملازمین حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام سرکاری ملازمین کو دہشتگردی کے واقعات سےتحفظ فراہم کیا جائے ۔