(ویب ڈیسک) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائیوں کے دوران گزشتہ 96 گھنٹوں میں 71 سے زائد دہشت گرد ہلاک کردیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق انٹیلی جنس ایجنسیوں نے کوئٹہ کے علاقے شعبان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے ٹھکانوں کی نشاندہی کی، جہاں موجود دہشت گرد مقامی آبادی کے لیے خطرہ بن رہے تھے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے 21 ستمبر کو زیارت اور گردونواح میں کارروائی کی۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے متعدد ٹھکانے کلیئر کیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران آپریشن میں مزید شدت لاتے ہوئے 23 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جبکہ 25 ستمبر کو نوشکی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جس میں 11 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ مند میں بھی سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران 71 سے زائد دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے، اس سے بھارتی پشت پناہی میں سرگرم افغان پراکسیز کو شدید دھچکا پہنچا ہے، دہشت گردی میں افغان طالبان رجیم کا ملوث ہونا امن کے لیے خطرے کا باعث ہے، اسے بھارت کی جانب سے پشت پناہی اور معاونت حاصل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عزمِ استحکام کے وژن کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رہے گی، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُر عزم ہیں۔
ترجمان پاک فوج کاکہن اہے کہ خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔