ویب ڈیسک: معروف آسٹریلوی اداکارہ اور سماجی کارکن ریکل کارپانی 45 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ اداکارہ گزشتہ کچھ عرصے سے ایک دائمی بیماری میں مبتلا تھیں، تاہم ان کی بیماری اور موت کی حتمی وجہ ابھی تک سامنے نہیں آئی۔
ریکل کارپانی کے اہل خانہ نے ان کی موت کی تصدیق کی۔ اداکارہ کی بہن جارجیا کارپانی نے انسٹاگرام پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ "ہماری خوبصورت بیٹی اور محبوب اداکارہ ریکل کارپانی طویل بیماری سے لڑتے ہوئے اب ہم میں نہیں رہیں۔"
خاندان کی جانب سے بتایا گیا کہ ریکل کی آخری رسومات 19 دسمبر کو ادا کی جائیں گی، جس میں صرف قریبی اہل خانہ اور دوست شرکت کریں گے۔ اس مشکل وقت میں خاندان نے پرائیویسی کی درخواست کی ہے اور مزید بیانات جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ریکل کارپانی نے آسٹریلوی ٹیلی وژن پر ایک کامیاب کیریئر بنایا اور بعد ازاں امریکی پروڈکشنز میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ اداکارہ سماجی و سیاسی مسائل پر کھل کر اظہارِ خیال کرتی تھیں اور خواتین کے حقوق کی بھرپور حامی تھیں۔ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے مختلف عالمی مسائل، بشمول اسرائیل فلسطین تنازعہ، پر آواز اٹھاتی رہیں۔