ویب ڈیسک: مکہ مکرمہ میں شدید دھوپ اور بلند درجہ حرارت کے باوجود مسجد الحرام کے مطاف کا سنگ مرمر حیرت انگیز طور پر ٹھنڈا رہتا ہے، جو زائرین کے لیے عبادت کے دوران سہولت کا باعث بنتا ہے۔
یہ محض اتفاق نہیں بلکہ قدرتی مواد کے درست انتخاب اور جدید انجینئرنگ ڈیزائن کا نتیجہ ہے۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق مطاف میں استعمال ہونے والا سنگ مرمر عام پتھر نہیں بلکہ خصوصی معیار کا قدرتی ماربل ہے جو سرد پہاڑی علاقوں سے حاصل کیا گیا ہے۔
اس سنگ مرمر کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ یہ حرارت کو کم جذب کرتا ہے۔ تیز دھوپ میں گرم ہونے کے بجائے یہ زیادہ تر گرمی واپس منعکس کر دیتا ہے۔ اس کا ہلکا رنگ بھی اہم کردار ادا کرتا ہے، کیونکہ یہ گہرے رنگوں کی نسبت کم حرارتی شعاعیں جذب کرتا ہے، جس سے سطح کا درجہ حرارت معتدل رہتا ہے۔
ماہرین کے مطابق صرف پتھر کا انتخاب ہی نہیں بلکہ اس کی تنصیب کا طریقہ بھی اہم ہے۔ سنگ مرمر کی سلیبوں کی موٹائی خاص انداز سے رکھی گئی ہے اور نیچے ہوا کے خلا چھوڑے گئے ہیں، جو ہوا کی گردش کو ممکن بناتے ہیں۔ اس عمل سے گرمی کم منتقل ہوتی ہے اور سطح جلد ٹھنڈی ہو جاتی ہے۔
یوں جدید منصوبہ بندی اور قدرتی خصوصیات کے امتزاج سے لاکھوں زائرین کو سخت گرمی میں بھی نسبتاً ٹھنڈا ماحول میسر آتا ہے۔