ویب ڈیسک : اسرائیل نے غزہ کے مختلف علاقوں میں بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق 32 فلسطینی جاں بحق ہو گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی یہ کارروائیاں بدھ کو غزہ جنگ بندی معاہدے کے اعلان کے بعد کی گئی ہیں۔
گزشتہ روز امریکا اور قطر نے اعلان کیا تھا کہ اسرائیل اور فلسطینی عسکری تنظیم حماس نے جنگ بندی معاہدے پر اتفاق کر لیا ہے جس کے تحت تین مراحل میں جنگ بندی اور یرغمالوں کی رہائی عمل میں آئے گی۔
غزہ کے صحت کے حکام کے مطابق اسرائیل نے بدھ کی شب غزہ سٹی سمیت دیگر علاقوں میں شدید بمباری کی ہے جس میں 21 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
غزہ کے شہریوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی کارروائیاں رفح، نصیرات اور شمالی غزہ میں جمعرات کی علی الصباح تک جاری رہیں جس کے نتیجے میں متعدد گھر بھی تباہ ہو گئے ہیں۔
غزہ میں فضائی کارروائی سے متعلق رپورٹس پر اسرائیلی فوج نے فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے اور نہ ہی حماس کی جانب سے کسی جوابی کارروائی کی اطلاعات ہیں۔
فریقین کے درمیان جنگ بندی معاہدہ کرانے والے ثالثوں سے رابطے میں رہنے والے فلسیطنی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ثالث فریقین کو قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد سے پہلے دشمنی ختم کریں۔