ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران اعلان کیا کہ یکم اگست سے ٹیرف کی ادائیگیاں شروع کی جائیں گی، اور اس اقدام کو انہوں نے امریکی معیشت کے استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کے دورِ حکومت میں کئی ممکنہ جنگوں کو روکا گیا، جس سے لاکھوں جانیں محفوظ رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ صدر بائیڈن کے دور میں شروع ہوئی، جبکہ ان کی صدارت کے دوران روس نے کسی قسم کی جارحیت کا مظاہرہ نہیں کیا۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ انہوں نے بھارت اور پاکستان کے مابین کشیدگی کم کر کے ایک ممکنہ جنگ کو روکا، اور دونوں ممالک کے درمیان حالات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ٹرمپ نے سابق صدر جو بائیڈن کی خارجہ پالیسیوں کو عالمی سطح پر تنازعات اور جنگوں کی بنیادی وجہ قرار دیا اور کہا کہ ان کی انتظامیہ نے ان پالیسیوں میں ضروری اصلاحات کیں۔
صدر ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران کی جوہری تنصیبات کو تباہ کر دیا گیا ہے تاکہ عالمی امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
افریقی خطے سے متعلق انہوں نے کہا کہ ان کی کوششوں سے روانڈا اور کانگو کے درمیان طویل مدتی جنگ کا خاتمہ ممکن ہوا۔
روس سے متعلق رائے دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر پیوٹن نے امن کی جو یقین دہانیاں کرائی تھیں، ان پر مکمل طور پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ پیوٹن آئندہ 50 دنوں میں اپنا مؤقف تبدیل کر سکتے ہیں۔
ایران کے ساتھ مذاکرات کے بارے میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ جلد بازی سے گریز کرتے ہیں اور ہر فیصلہ امریکہ کے قومی مفاد کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔
آخر میں انہوں نے بتایا کہ ویتنام کے ساتھ ایک کامیاب تجارتی معاہدہ طے پایا ہے، جو دونوں ممالک کے لیے معاشی ترقی کا باعث بنے گا۔