ویب ڈیسک: اداکارہ اور ماڈل ہما سلیم نے سوشل میڈیا پر جاری ایک تفصیلی بیان میں پاکستان کے معروف کرکٹر پر ہراسانی، دھمکیوں، کردار کشی اور ذہنی اذیت پہنچانے جیسے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جلد اپنی قانونی ٹیم کے ذریعے ان دعوؤں کے شواہد بھی عوام کے سامنے پیش کریں گی۔
ہما سلیم نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں دعویٰ کیا کہ گزشتہ دو ماہ سے ان کا مذکورہ کرکٹر سے کوئی رابطہ نہیں، تاہم اس کے باوجود انہیں مسلسل دھمکیوں، ہراسانی اور ذہنی دباؤ کا سامنا ہے۔ ان کے بقول جب بھی وہ اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کی کوشش کرتی ہیں، انہیں مختلف طریقوں سے پریشان کیا جاتا ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے اہلِ خانہ، دوستوں اور پیشہ ورانہ ساتھیوں سے بھی رابطہ کر کے ان کی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کی گئی، جس کے اثرات ان کی پیشہ ورانہ زندگی پر بھی پڑے۔
ہما سلیم نے مزید دعویٰ کیا کہ وہ ایک ایسے تعلق میں رہیں جو ان کے لیے ذہنی اذیت اور توہین کا باعث بنا، تاہم انہوں نے طویل عرصے تک خاموشی اختیار کیے رکھی۔ ان کے مطابق اب وہ خاموش نہیں رہیں گی اور اپنی قانونی ٹیم کے ذریعے تمام شواہد مناسب فورم پر پیش کریں گی۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ آئندہ چند روز میں وہ اس معاملے سے متعلق مزید تفصیلات اور اپنے الزامات کے حق میں شواہد سامنے لائیں گی۔
تاحال مذکورہ کرکٹر کی جانب سے ان الزامات پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔