پنجاب کا 5300 ارب روپے سے زائد کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

پنجاب کا 5300 ارب روپے سے زائد کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا
کیپشن: پنجاب کا 5300 ارب روپے سے زائد کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

ویب ڈیسک: پنجاب حکومت مالی سال 2025-26 کے لیے 5300 ارب روپے سے زائد کا بجٹ آج دوپہر پیش کرے گی۔ بجٹ اجلاس پنجاب اسمبلی میں اسپیکر ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت دوپہر 2 بجے ہوگا، جہاں وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان بجٹ دستاویزات پیش کریں گے۔ اس سے قبل کابینہ کے خصوصی اجلاس میں بجٹ کی منظوری لی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں نان ترقیاتی اخراجات کے لیے 4060 ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 1240 ارب روپے کی رقم تجویز کی گئی ہے۔

حکومت پنجاب نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مجموعی طور پر 3132 ترقیاتی اسکیمیں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں سے جاری اسکیموں کے لیے 535 ارب 98 کروڑ روپے جبکہ نئی اسکیموں کے لیے 470 ارب 62 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

بجٹ میں "پنجاب ایئر لائن" کے قیام کے لیے ایک ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ بھی شامل ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے "خود مختار پروگرام" شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ صوبے میں الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا بھی منصوبہ شامل کیا گیا ہے۔

وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان کا کہنا ہے کہ یہ بجٹ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ترقیاتی وژن کا عکس ہوگا، جس میں کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا، البتہ موجودہ ٹیکسز کی مؤثر وصولی کو یقینی بنایا جائے گا۔

دوسری جانب سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ایکس' پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج صرف بجٹ نہیں بلکہ ایک "مشن" پیش کیا جائے گا۔

Watch Live Public News