آبنائے ہرمز کھلوانے میں مدد نہ ملی تو نیٹو کا مستقبل برا ہوگا، ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی

آبنائے ہرمز کھلوانے میں مدد نہ ملی تو نیٹو کا مستقبل برا ہوگا، ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی
کیپشن: آبنائے ہرمز کھلوانے میں مدد نہ ملی تو نیٹو کا مستقبل برا ہوگا، ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر اتحادی ممالک آبنائے ہرمز کھلوانے میں مدد کرنے میں ناکام رہے تو نیٹو کا مستقبل بہت برا ہو سکتا ہے۔

برطانوی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران سے بات چیت کر رہا ہے تاہم انہیں نہیں لگتا کہ ایران اس وقت کسی سمجھوتے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے معاملے پر سات ممالک سے بات چیت جاری ہے اور ان سے آبنائے ہرمز کی حفاظت میں تعاون کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اسرائیل بھی آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے لیے امریکا کے ساتھ کام کر رہا ہے۔

برطانوی اخبار کے مطابق ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر نیٹو نے آبنائے ہرمز کھلوانے میں مدد نہ کی تو اتحاد کا مستقبل بہت برا ہو سکتا ہے۔

امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ رواں ماہ کے آخر میں چین کے صدر کے ساتھ طے شدہ ملاقات مؤخر ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی ملاقات اسی صورت مناسب ہو گی جب آبنائے ہرمز سے فائدہ اٹھانے والے ممالک اس بات کو یقینی بنانے میں مدد کریں کہ وہاں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے چین سمیت دنیا بھر سے مدد طلب کی تھی اور امید ظاہر کی تھی کہ چین کے ساتھ فرانس، جاپان، جنوبی کوریا، برطانیہ اور دیگر ممالک بھی اپنے جنگی جہاز آبنائے ہرمز بھیجیں گے۔

تاہم اس اپیل پر دنیا بھر سے خاموش ردعمل سامنے آیا ہے اور اب تک کسی بھی ملک نے خطے میں بحری جہاز بھیجنے کا اعلان نہیں کیا۔
 
 
 

Watch Live Public News