ویب ڈیسک: سلہٹ میں جاری پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 278 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بنگلا دیش کی اننگز کا آغاز محمود الحسن جوئے اور تنزید حسن نے کیا، تاہم محمد عباس نے میچ کے پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر محمود الحسن کو آؤٹ کر کے پاکستان کو شاندار آغاز دلایا۔ بنگلا دیش کی جانب سے لٹن داس 126 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ تنزید حسن 26، نجم الحسن شنٹو 29، مومن الحق 22 اور مشفیق الرحیم 23 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد عباس نے 3، حسن علی نے 2 اور ساجد خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستانی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ امام الحق، شاہین شاہ آفریدی اور نعمان علی کی جگہ بابر اعظم، خرم شہزاد اور ساجد خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 104 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔