ویب ڈیسک: بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شبمن گل کو گردن کی انجری کے باعث اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شبمن گل کو جنوبی افریقا کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران گردن کی شدید انجری کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جا رہے میچ کے دوسرے روز شبمن گل صرف 4 رنز بنا کر میدان سے باہر چلے گئے اور اسپتال پہنچے۔ انہیں یہ انجری جنوبی افریقی اسپنر سائمن ہارمر کی گیند پر سویپ شاٹ کھیلتے ہوئے ہوئی، جس کے نتیجے میں ان کی گردن میں کھچاؤ پیدا ہو گیا۔
ابتدائی طبی امداد کے دوران انہیں گردن پر کالر پہنایا گیا، لیکن بیٹنگ کے بعد درد اور حرکت میں رکاوٹ کی شدت کے باعث صورتحال مزید تشویشناک ہو گئی۔ شبمن گل کو ہفتے کی شام اسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ آئی سی یو میں ڈاکٹرز کی زیر نگرانی ہیں۔
کرکٹر کے مزید ٹیسٹ کیے جائیں گے تاکہ انجری کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکے، جس کے بعد ان کی دستیابی اور علاج کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔