ویب ڈیسک: مالاکنڈ میں سوات موٹر وے پر ٹرک الٹنے سے 15 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔
ڈی ایس پی موٹروے پولیس نورالامین کے مطابق حادثہ تیزرفتار کے باعث پیش آیا، ٹرک الٹ کر سیکڑوں فٹ کھائی میں جا گرا، اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیموں کے علاوہ مقامی لوگوں کی بڑی تعداد بھی موقع پر پہنچ گئی، جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر بٹ خیلہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
نورالامین نے مزید بتایا کہ ٹرک میں سوار تمام افراد خانہ بدوش تھے، جن کا تعلق سوات کے علاقہ بحرین سے تھا، زخمیوں میں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، ٹرک میں سوار افراد سردی شروع ہونے سے پہلے گرم علاقوں کی طرف نقل مکانی کررہے تھے۔
ڈی ایس پی موٹروے پولیس نے بتایا کہ حادثے کی مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
سوات المناک حادثے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا اظہار افسوس
سوات ایکسپریس وے پر المناک ٹریفک حادثے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعلی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔ جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے متعلقہ انتظامیہ کو زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔ سہیل آفریدی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی صدمہ ہوا۔