معروف اداکارہ ہانیہ عامر پاکستان کیلئے خواتین کی خیرسگالی کی سفیر مقرر

معروف اداکارہ ہانیہ عامر پاکستان کیلئے خواتین کی خیرسگالی کی سفیر مقرر

ویب ڈیسک: پاکستان ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر کی مقبولیت میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے جس کا اندازہ اُن کی نئی آنے والی فلم’سرادر جی تھری‘ سے لگایا جاسکتا ہے،  اب اقوام متحدہ نے انہیں پاکستان کے لیے خواتین کی خیرسگالی کی سفیر مقرر کردیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر جاری بیان میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین پاکستان نے کہا کہ یواین ویمن پاکستان ہانیہ عامر کو بطور خیرسگالی سفیر خوش آمدید کہتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ نامور اداکارہ ہانیہ عامر اپنا پلیٹ فارم پاکستان بھر کی خواتین اور لڑکیوں کی توانا آواز، آگاہی پھیلانے اور حوصلہ افزائی کے لیے استعمال کریں گی۔

بیان میں کہا گیا کہ ہم مل کر ایک ایسے مستقبل کے لیے کام کریں گے جہاں ہر خاتون اور لڑکی تشدد، امتیازی سلوک اور غیرمساویانہ رویوں سے آزاد ہو کراپنی بھرپور صلاحیتوں کا اظہار کرے۔

ہانیہ عامر یہ اعزاز حاصل کرنے والی دوسری پاکستانی ہیں، اس سے قبل 2015 میں منیبہ مزاری کو اقوام متحدہ خواتین کی خیرسگالی کی سفیر مقرر کیا گیا تھا جبکہ جنوبی ایشیا میں تیسری خاتون اور مجموعی طور پر چوتھی شخصیت ہے جہاں مبینہ مزاری کے علاوہ سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور بالی ووڈ کے فلمساز اور اداکار فرحان اختر بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

عالمی سطح پر خواتین کی خیرسگالی سفیروں میں ہالی ووڈ کی مشہور اداکارائیں ایماواٹسن، نیکول کڈمین اور اینی ہیتھوے کو یہ اعزاز دیا گیا ہے۔

Watch Live Public News