ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کیجانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو ان کی جرات مندانہ خدمات کے اعتراف میں فوجی اعزازات سے نوازا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر تھے ۔جنہوں نے شجاعت، قربانی اور غیر معمولی کارکردگی پر افسران و اہلکاروں کو ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت سے نوازا۔

تقریب میں پاک فوج کے اعلیٰ افسران سمیت شہداء اور غازیوں کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ان جوانوں کو میدانِ جنگ میں بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کے مظاہرے پر اعزازات دیے گئے جبکہ شہداء کے تمغے ان کے اہل خانہ کو انتہائی عزت و احترام کے ساتھ پیش کیے گئے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ"پاک فوج کے شہداء اور غازی ہماری پہچان اور قومی فخر ہیں۔ ان کا احترام ہر پاکستانی پر لازم ہے۔ آج جو امن ہمیں حاصل ہے، وہ انہی جانبازوں کی قربانیوں کا ثمر ہے۔"

سپہ سالار نے شہداء کے اہل خانہ کے حوصلے اور استقامت کو بھی بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کے خاندانوں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
آرمی چیف نے پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو بھی سراہا، جنہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قابلِ ذکر کامیابیاں حاصل کیں اور ملک میں امن و استحکام قائم رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں فوج کے متعدد سینئر افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی، جنہوں نے اعزاز حاصل کرنے والے ساتھیوں کو مبارکباد پیش کی۔