(ویب ڈیسک)فرانس میں ایک ایئر ٹریفک کنٹرولر کو اسرائیلی پائلٹ سے رابطے کے دوران " فری فلسطین" کہنے پر معطل کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب اسرائیلی ایئرلائن " ایل آل" کا طیارہ شارل ڈی گال ایئرپورٹ سے پرواز کر رہا تھا۔ دورانِ پرواز ایک کنٹرولر نے ریڈیو کمیونیکیشن پر اسرائیلی پائلٹس سے مخاطب ہو کر " فری فلسطین" کہا، جسے ایئرلائن نے غیر پیشہ ورانہ اور ناقابل قبول رویہ قرار دیا۔
ایل آل کے ترجمان نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ دنیا بھر میں اسرائیلی پرچم کے ساتھ پروازیں جاری رکھے گی اور اپنے مسافروں و عملے کی سیکیورٹی کو ہر حال میں یقینی بنائے گی۔
فرانسیسی وزیرِ ٹرانسپورٹ فیلیپ تباروت نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کروا دی تھیں۔ بعد ازاں انہوں نے تصدیق کی کہ دستیاب ریکارڈنگز ایل آل کی شکایت سے مطابقت رکھتی ہیں اور متعلقہ کنٹرولر کو معطل کر دیا گیا ہے۔
وزیر کا کہنا تھا کہ ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی ریڈیو گفتگو کا دائرہ صرف پروازوں کی حفاظت اور نظم و ضبط تک محدود ہونا چاہیے، سیاسی بیانات کی کوئی گنجائش نہیں۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب غزہ پر اسرائیلی حملوں نے بدترین انسانی بحران کو جنم دیا ہے۔ اکتوبر 2023 سے اب تک 61 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 1.5 لاکھ سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور ہزاروں خاندان مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔