ملتان : سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کہ ن لیگ کے ایک ایم پی اے نے استعفی دے دیا ہے جبکہ مزید دو سے تین ایم پی ایز استعفے دینے والے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ن لیگ کے جلسہ میں سرکاری وسائل استعمال ہوئے، الیکشن کمیشن کو سرکاری وسائل کے استعمال کا جائزہ لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دو سے تین پولنگ اسٹیشنوں پر شکایات موصول ہوئی ہیں، ضلعی انتظامیہ غیرجانبدار ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اس وقت پولنگ پُرامن طریقے سے جاری ہے، بارش نہ ہوئی تو اچھا ٹرن آؤٹ رہے گا۔انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ ووٹرز جلد از جلد پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچ کر ووٹ کاسٹ کریں۔ شاہ محمود کا مزید کہنا تھا کہ کون جیت رہا ہے اس وقت یہ بات کہنا قبل از وقت ہے لیکن پنجاب کی صورتحال میں تبدیلی ضرور آئی ہے۔ پنجاب اسمبلی میں اس وقت دونوں جماعتوں کے اراکین برابر ہیں، اب ضمنی الیکشن میں جس کا پلڑا بھاری ہوگا پنجاب اس کا ہوگا۔