(ویب ڈیسک ) پاکستان اور ایران کی سرحد کی بندش کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں غلط اور گمراہ کن ہیں۔ یہ ایک منظم پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہیں جس کا مقصد عوام میں کنفیوژن پھیلانا اور پاکستان کی علاقائی سفارتی پوزیشن کو کمزور کرنا ہے۔
حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر پاکستان اور ایران کے درمیان سرحد کی بندش کے حوالے سے متعدد بے بنیاد دعوے سامنے آئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاک- ایران سرحد مکمل طور پر فعال ہے اور معمول کے مطابق آمد و رفت جاری ہے۔ حالیہ دنوں ایران میں سیکیورٹی کی صورتحال کے باعث سامان کی نقل و حمل میں قدرے کمی آئی ہے، جب کہ پاکستان سے زائرین کی ایران روانگی وقتی طور پر نہیں ہو رہی۔ تاہم کچھ زائرین اور دیگر مسافر ایران سے واپس آ رہے ہیں، جو کہ ایک معمول کا عمل ہے اور اس میں کسی قسم کی غیر معمولی بات نہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کی علاقائی پالیسی ہمیشہ پرامن تعاون اور زمینی حقائق پر مبنی سیکیورٹی جائزوں پر استوار ہے، نہ کہ کسی بیرونی دباؤ یا فرقہ وارانہ بیانیے کے تابع۔
ذرائع کے مطابق میڈیا اور عوام ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی خبر کی تصدیق کیے بغیر اسے پھیلانے سے گریز کریں، کیونکہ جھوٹے دعوے صرف دشمن قوتوں کے عزائم کو تقویت دیتے ہیں۔