ویب ڈیسک: برطانوی پارلیمنٹ میں امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ جنگ بندی اور سفارتی پیش رفت کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو بھرپور انداز میں سراہا گیا ہے۔ متعدد ارکانِ پارلیمنٹ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں پاکستانی قیادت کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
برطانوی ایوانِ بالا میں خطاب کرتے ہوئے لارڈ طارق احمد نے کہا کہ ایوان کے تمام اراکین اور حکومتی نمائندے اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی اور سفارتی عمل کی پیش رفت میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے قابلِ ذکر سفارتی کوششیں کی ہیں۔
برطانوی پارلیمنٹ میں امریکہ ـ ایران جنگ بندی کی کوششوں میں پاکستان اور وزیرِاعظم شہباز شریف کے کردار کی تعریف pic.twitter.com/pZ7zkx1yzG
— Sabih Ul Hussnain (@SabihUlHussnain) June 16, 2026
اسی موقع پر بیرونس چیپ مین نے بھی پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز تک لانے اور رابطوں کو ممکن بنانے میں پاکستان کی کوششیں نہایت اہم رہی ہیں، جنہیں خراجِ تحسین پیش کیا جانا چاہیے۔
مزید برآں لارڈ باربر نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کو اس سفارتی کامیابی پر باضابطہ طور پر مبارکباد پیش کرے اور خطے میں امن کے لیے ان کی کوششوں کو تسلیم کرے۔
بیرونس چیپ مین آف ڈارلنگٹن نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس معاملے میں مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا ہے، اور پاکستانی قیادت کی سفارتی کاوشیں عالمی سطح پر تعریف کی مستحق ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستان کے کردار کا کھلے عام اعتراف اس بات کی علامت ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی اہمیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق اگر امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ معاہدہ کامیاب ہوتا ہے تو پاکستان کے کردار کو مزید بین الاقوامی پذیرائی مل سکتی ہے۔