محسن نقوی کی قیادت، پاکستان کرکٹ کے مستقبل کیلئے امید کی نئی کرن

محسن نقوی کی قیادت، پاکستان کرکٹ کے مستقبل کیلئے امید کی نئی کرن
کیپشن: محسن نقوی کی قیادت، پاکستان کرکٹ کے مستقبل کیلئے امید کی نئی کرن

ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ہمیشہ سے مشکلات، تنازعات اور غیر یقینی صورتحال کا شکار رہی ہے۔ کبھی کھلاڑیوں کے درمیان اختلافات، کبھی بورڈ کی اندرونی سیاست، تو کبھی عالمی سطح پر تنہائی۔ ایسے میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اپنی متحرک قیادت اور دوٹوک فیصلوں سے ثابت کیا ہے کہ وہ اس وقت پاکستان کرکٹ کے لیے ایک ناگزیر شخصیت ہیں۔

محسن نقوی نے بطور چیئرمین ذمہ داری سنبھالتے ہی سب سے پہلے ڈومیسٹک کرکٹ کو مستحکم کرنے پر توجہ دی۔ ان کا ماننا ہے کہ جب تک نچلی سطح پر ٹیلنٹ کو مواقع اور سہولیات نہیں ملتیں، تب تک عالمی سطح پر کامیابی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔ اسی وژن کے تحت انہوں نے ڈومیسٹک ڈھانچے میں اصلاحات کیں، نیا ٹیلنٹ متعارف کرایا اور نوجوان کھلاڑیوں کو پلیٹ فارم فراہم کیا۔

بین الاقوامی سطح پر بھی ان کی کاوشیں نمایاں ہیں۔ ایشیا کپ اور دیگر سیریز میں پیش آنے والے تنازعات پر محسن نقوی نے ہمیشہ دوٹوک مؤقف اختیار کیا اور یہ پیغام دیا کہ پاکستان کرکٹ کسی دباؤ یا غیر منصفانہ رویے کو قبول نہیں کرے گی۔ ان کا یہ رویہ نہ صرف کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کرتا ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے وقار کو بھی بڑھاتا ہے۔

سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں بھی ان کی مقبولیت دن بدن بڑھ رہی ہے۔ نوجوان کرکٹرز اور شائقین انہیں ایک ایسے لیڈر کے طور پر دیکھتے ہیں جو جذبات کی نہیں بلکہ عمل کی زبان بولتا ہے۔ ان کے فیصلوں نے بارہا ثابت کیا ہے کہ وہ صرف ایک ایڈمنسٹریٹر نہیں بلکہ کرکٹ کے مستقبل کے معمار ہیں۔

تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ اگر محسن نقوی کو طویل عرصے تک پاکستان کرکٹ کی قیادت کا موقع ملا تو وہ ادارے کو ایک ایسی سمت دے سکتے ہیں جہاں سے کامیابیوں کا سفر طویل اور پائیدار ہوگا۔ ان کی شخصیت نے یہ تاثر مضبوط کردیا ہے کہ آج کے دور میں محسن نقوی واقعی پاکستان کرکٹ کے لیے ناگزیر ہیں۔

Watch Live Public News