ویب ڈیسک: دبئی نے ڈیجیٹل نومیڈز اور ریموٹ ورک کرنے والے پروفیشنلز کے لیے ایک نیا اور منفرد پروگرام متعارف کرایا ہے جسے ’’ ورچوئل ورک ویزا‘‘ کہا جا رہا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ ویزا ایسے افراد کو ایک سال تک دبئی میں رہنے کا موقع دیتا ہے جو اپنی ملازمت یا کاروبار آن لائن کرتے ہیں۔ اس کے لیے کسی مقامی اسپانسر کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ویزا حاصل کرنے کیلئے درخواست دہندہ کو یا تو کسی غیر ملکی کمپنی کا ملازم ہونا ضروری ہے یا پھر اس کا کاروبار بیرون ملک رجسٹرڈ ہونا چاہیے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک سالہ ملازمت یا معاہدے کا ثبوت اور کم از کم 12,856 درہم ماہانہ آمدنی دکھانا بھی لازمی ہے۔
درخواست کیلئے مختلف دستاویزات درکار ہیں جن میں پاسپورٹ، ہیلتھ انشورنس، ملازمت یا بزنس کا ثبوت، کرمنل ریکارڈ سرٹیفکیٹ، رہائش کا پروف، پاسپورٹ سائز تصویر اور تنخواہ کی پرچی یا تین ماہ کی بینک اسٹیٹمنٹ شامل ہیں۔ پاسپورٹ کم از کم چھ ماہ کیلئے کارآمد ہونا چاہیے۔
درخواست دینے کا عمل آسان رکھا گیا ہے۔ امیدوار جی ڈی آر ایف اے دبئی پورٹل، ورچوئل ورکنگ پروگرام ویب سائٹ یا دبئی کے امر سینٹر کے ذریعے اپلائی کر سکتے ہیں۔ درخواست جمع کروانے کے بعد فیس 372.5 درہم (تقریباً 28 ہزار 600 پاکستانی روپے) ہے۔ منظوری کی صورت میں اگر درخواست دہندہ دبئی سے باہر ہے تو انٹری پرمٹ جاری ہوگا۔ دبئی پہنچنے پر میڈیکل فٹنس ٹیسٹ، بائیومیٹرکس، امارات آئی ڈی اور ویزا اسٹیمپنگ کے مراحل مکمل کرنا ہوں گے۔
یہ ویزا خاص طور پر اُن پروفیشنلز کیلئے پرکشش ہے جو دبئی کے جدید طرزِ زندگی کا تجربہ تو چاہتے ہیں مگر مستقل رہائش اختیار نہیں کرنا چاہتے۔ ویزا ایک سال کیلئے جاری ہوگا، تاہم اگر درخواست دہندہ دوبارہ اہل ہو تو اسے تجدید بھی کیا جا سکتا ہے۔