(ویب ڈیسک ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے کے مختلف اضلاع میں حالیہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی کابینہ اراکین کی 15 دنوں کی تنخواہیں اور ممبران صوبائی اسمبلی کی 7 دنوں کی تنخواہوں متاثرین کی امداد کے لئے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اسی طرح اسکیل 17 اور اوپر کے ملازمین کی دو دنوں جبکہ اسکیل ایک سے 16 تک کے ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ سیلاب زدگان کے لئے دی جائے گی۔
وزیر اعلی نے ان عطیات کے شفاف استعمال کے لئے بھی طریقہ کار وضع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ اس مقصد کے لئے پی ڈی ایم اے میں ایک خصوصی اکاونٹ کھولا جائے گا، سیلاب زدگان کی امداد کے لئے اس فنڈ کے استعمال کے لئے ایک صاف اور شفاف طریقہ کار اپنایا جائے گا، اس فنڈ کے ایک ایک پائی کا حساب رکھا جائے گا اور اس کی تمام تفصیلات سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان ہماری خصوصی توجہ اور تعاون کے مستحق ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب کو دل کھول کر متاثرین کی مدد کرنی چاہیے۔