عمران خان کے ساتھ اسپتال میں کون رہے گا؟ سپریم کورٹ نے فیصلہ سنا دیا

عمران خان کے ساتھ اسپتال میں کون رہے گا؟ سپریم کورٹ نے فیصلہ سنا دیا
کیپشن: عمران خان کے ساتھ اسپتال میں کون رہے گا؟ سپریم کورٹ نے فیصلہ سنا دیا

ویب ڈیسک: سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان اور بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان کو ان کے ہمراہ اسپتال میں موجود رہنے کی اجازت بھی دے دی۔

جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے عمران خان کو آئندہ سماعت تک اسپتال میں رکھنے اور اہلخانہ کو ہفتے میں ایک روز ان سے ملاقات کی اجازت دینے کا حکم دیا۔

سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت 16 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے علاج اور طبی معائنے کے لیے ضروری انتظامات کیے جائیں۔

سماعت کے دوران جسٹس شاہد وحید نے عمران خان کی نجی اسپتال منتقلی کی وجہ دریافت کی۔ وکیل عزیر بھنڈاری نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان کو پمز اسپتال اکثر لے جایا جاتا ہے، اس لیے نجی اسپتال میں مکمل علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔ عدالت نے نجی اسپتال کے اخراجات سے متعلق بھی استفسار کیا، جس پر عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان کے وکیل نے بتایا کہ علاج کے اخراجات اہلخانہ برداشت کریں گے۔

جسٹس شاہد وحید نے میڈیکل رپورٹس منظرعام پر آنے اور انہیں سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیے جانے سے متعلق بھی سوالات اٹھائے۔ اس پر پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا کہ میڈیکل رپورٹس ڈاکٹرز اور عمران خان کے اہلخانہ کا معاملہ ہیں اور سیاسی جماعت انہیں سیاست کے لیے استعمال نہیں کرے گی۔

Watch Live Public News