ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئےکہا کہ عمران خان کی صحت پر سیاست نہیں کی جائے گی۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو دو روز میں اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کسی صورت عمران خان کی صحت پر سیاست نہیں کرے گی اور عدالت کو اسپتال کے باہر کسی اجتماع یا ہنگامہ آرائی نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بطور سیکریٹری جنرل انہوں نے عدالت کو یقین دلایا ہے کہ شفا انٹرنیشنل کے باہر کوئی ہلڑ بازی نہیں ہوگی اور پارٹی اپنے وعدے کی پاسداری کرے گی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بھی عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کارکن ایسا کوئی اقدام نہ کریں جس سے عدالتی حکم کی توہین ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ مزید انصاف پر مبنی فیصلوں سے ہی ممکن ہے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے اور عمران خان کو فوری اسپتال منتقل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی عدالتی حکم پر مکمل عمل کرے گی اور کارکنوں کو بھی شفا انٹرنیشنل اسپتال کے باہر اجتماع نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق طبی رپورٹس کو ذاتی یا سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بشریٰ بی بی کو بھی طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔