پی آئی اے نے پاکستان کا پہلا ائیربس 320 کا سیمولیٹر حاصل کرلیا

پی آئی اے نے پاکستان کا پہلا ائیربس 320 کا سیمولیٹر حاصل کرلیا
لاہور ( پبلک نیوز) پی آئی اے نے پاکستان کا پہلا ائیربس 320 کا سیمولیٹر حاصل کرلیا۔ جدید ترین خصوصیات کا حامل سیمولیٹر اس خطے میں سب سے پہلے پاکستان میں لگے گا۔ سیمولیٹر پائلٹس کی تربیت، ریفریشر کورسس اور ائیر سیفٹی کیلئے لازم ہے۔ پاکستان میں 670 ائیربس 320 پائلٹس ہونے کے باوجود سیمولیٹر دستیاب نہیں تھا۔ تربیت کو جانچنے کیلئے سول ایوایشن کا انسپکٹر بھی طالب علم پائلٹس کے چیک کیلئے ہمراہ جاتے تھے۔ پائلٹس کی تربیت کا نرخ تقریبا 300 ڈالر فی گھنٹا فی پائلٹ بیرون ممالک میں حاصل کیا جاتا تھا۔ ٹکٹوں، رہائش اور یومیہ الاونس کی مد میں کثیر زرمبادلہ مقامی ائیرلائن صرف کرتی تھیں۔ پی آئی اے کراچی میں سیمولیٹر کمپلکس بنا رہا ہے جس میں بوئنگ 747، بوئنگ 777 اور ائیربس 320 کے سیمولیٹر ایک جگہ نصب کئے جائیں گے۔ تربیت کی جگہ کو ائیرپورٹ ہوٹل سے منسلک کردیا جائے گا تاکہ طالب علم پائلٹس یکسوئی سے تربیت پر توجہ دے سکیں۔ پی آئی اے کا سیمولیٹر موو بائی وائر آل الیکٹرک ریئل وژن نوعیت کا ہے۔ سیمولیٹر حقیقی کاک پٹ کے آخر اور باہر کے ماحول کو پیدا کرتا ہے جس پر حقیقی صورت حال پر تربیت کرائی جاتی ہے۔ معائدے پر سی ای او پی آئی اے اور L3 ہیرس کمپنی کے صدر رابن گلوور نے دستخط کئے۔ معائدہ کی سادہ تقریب میں برطانوی سفیر کرسچن ٹرنر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ برطانوی سفیر کرسچن ٹرنر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نئی ٹیکنولوجی کے حامل سیمولیٹر کے آنے سے پاکستان میں تربیت کا معیار بہت بہتر ہوگا۔ پاکستان اور برطانیہ گہری دوستی کے رشتے میں منسلک ہیں۔ اس جدید ایکوپمنٹ سے پاکستان ایوایشن بہت آگے بڑھے گی۔ پاکستان میں مقامی سطح پر تربیت سے غیر منسلک پر پاکستان اور پی آئی اے کا انحصار کم ہوگا۔ ائیر مارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ آج پی آئی اے کیلیے ایک بہت خوش آئند دن ہے اور ہمارا ایک اہم منصوبہ مکمل ہورہا ہے۔ پی آئی اے بہت زیادہ وسائل خرچ کیا کرتا تھا اپنے پائلٹس کو بیرون ممالک سے تربیت پر۔ سی ای او پی آئی اے کا کہنا تھا کہ اس سیمولیٹر کے ملک میں لگنے سے ناصرف پی آئی اے بلکہ دیگر ملکی ائیرلائنز کو بھی بہت فائدہ ہوگا۔ پی آئی اے سیمولیٹر کمپلکس کراچی ائیرپورٹ پر قائم کیا جارہا ہے جہاں تمام ائیرلائنز اور سی اے اے کا دفاتر اور تربیتی مراکز قائم ہیں۔ اس سیمولیٹر کے آنے سے پاکستان میں تربیت اور فضائی حفاظت کا معیار کسی بھی ترقی یافتہ ملک کے مساوی ہوجائے گا۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔