کمشنر صاحب نے 8دن بعد بغیر ثبوت دھاندلی کے الزام لگائے: عطا تارڑ

کمشنر صاحب نے 8دن بعد بغیر ثبوت دھاندلی کے الزام لگائے: عطا تارڑ
کیپشن: کمشنر صاحب نے 8دن بعد بغیر ثبوت دھاندلی کے الزام لگائے: عطا تارڑ

ویب ڈیسک: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ ایک کمشنر کو الیکشن کے 8 دن بعد بیداری نصیب ہوئی، وہ نہ آر او ہیں، نہ ڈی آراو اور نہ ہی کوئی ثبوت پیش کرسکے، آئندہ چند دنوں میں پنجاب میں حکومت بنانے جارہے ہیں، ہمارا دشمن مکار اور فریبی ہے، اسے ایک دن شکست ضرور ہوگی۔

تفصیلا ت کے مطابق لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر عطاء تارڑ نے کہا کہ جہاں سے تحریک انصاف جیتی وہاں دھاندلی نہیں ہوئی، خواجہ سعد رفیق نے سب سے پہلے لطیف کھوسہ کو مبارکباد دی۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ الزام لگانے والوں کی سیاست کا ہمیں جواب دینا آتا ہے، ان لوگوں نے ملکی مفاد داؤ پر لگایا، سائفر لہرایا، آپ نے وقتی طور پر کچھ نشستوں پر فتح حاصل کی ہے، جہاں آپ کو شکست ہوئی ہے اسے تسلیم کریں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ ہم نے خندہ پیشانی سے شکست کو قبول کیا، ہارے ہیں پیچھے نہیں ہٹے، ہم یقین رکھتے ہیں ہمارا دشمن مکار ہے اسے ایک دن شکست ہوگی، کل ایک کمشنر صاحب کو الیکشن کے 8 دن بعد بیداری نصیب ہوئی، تم آر او اور ڈی آر او ہو نہ تم کوئی ثبوت پیش کررہے ہو؟

 انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ چند دنوں میں پنجاب میں حکومت بنانے جارہے ہیں، آنے والا دور مسلم لیگ ن کا ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کے اسکرین شارٹ ملے ہیں، لیاقت چٹھہ سے متعلق لکھا وہ ابھی راولپنڈی اسٹیڈیم جارہے ہیں، لیاقت چٹھہ کا تحریک انصاف کے لوگوں سے رابطہ ثابت ہوگیا، ریٹائرمنٹ سے چند دن پہلے آپ کو یہ خیال کیوں آیا؟ ریٹرننگ افسران کو دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

Watch Live Public News