ویب ڈیسک:بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر ہونے والے حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، پولیس نے ملزم کو چلتی ٹرین سے گرفتار کیا۔
ایک اور مشتبہ شخص کو چھتیس گڑھ سے حراست میں لے لیا گیا، ملزم آکاش کنوجیا کو درگ پہنچنے والی ٹرین سے حراست میں لیا گیا، مشتبہ شخص کی تصویر ممبئی پولیس کو بھیجی گئی ، ممبئی پولیس نے مشتبہ شخص کی شناخت کی تصدیق کردی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی پولیس مشتبہ شخص کی لوکیشن کی نگرانی کر رہی تھی اور انہوں نے ریلوے پولیس کو اس کی معلومات فراہم کیں۔ ریلوے پولیس کی ٹیم نے سادہ لباس میں مشتبہ شخص کو گرفتار کیا اور اس کی تصویر ممبئی پولیس سے شیئر کی، جنہوں نے اس کی شناخت کی تصدیق کی۔

واضح رہے کہ اداکار سیف علی خان پر جمعرات کی رات تقریباً 2:30 بجے ان کے باندرہ ویسٹ کے اپارٹمنٹ میں 6 مرتبہ چاقو سے حملہ کیا گیا۔ انہیں فوری طور پر لیلاوتی اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی ریڑھ کی ہڈی سے 2.5 انچ بلیڈ نکالنے کے لیے پانچ گھنٹے کا طویل آپریشن کیا گیا۔