ویب ڈیسک: 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال کا ریکارڈ کیا گیا بیان سامنے آگیا۔
زبیدہ جلال نے اپنے بیان میں کہا کہ شہزاد اکبر مرزا نے کابینہ میں ایک نوٹ بند لفافے میں پیش کیا۔ کابینہ اجلاس میں ایجنڈے سے متعلق طریقہ کار پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ شہزاد اکبر مرزا کی بریفنگ 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل سے متعلق تھی۔
زبیدہ جلال کے بیان کے مطابق شہزاد اکبر مرزا نے بتایا 190 ملین پاؤنڈ غیرقانونی طریقے سے برطانیہ منتقل ہوئے۔ حکومت پاکستان کو بتایا گیا ہے یہ رقم برطانیہ میں ہے جو کہ خفیہ ہے۔
زبیدہ جلال کے بیان کے مطابق کابینہ میں بتایا گیا معاملہ خفیہ ہے اس پر کوئی بات نہ کی جائے۔ شہزاد اکبر مرزا نے کابینہ میں اس ایجنڈے کی منظوری پر زور دیا۔
زبیدہ جلال نے کہا میں نے اور کابینہ کے دیگر ممبران نے اس معاملے پر غور کرنے کو کہا تھا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ شہزاد اکبر نے کابینہ کو بتایا یہ رقم حکومت پاکستان کو واپس کی جائے گی۔ شہزاد اکبر کے اصرار پر بانی پی ٹی آئی نے 190 ملین پاؤنڈ سے متعلق ایجنڈے کی منظوری دی۔
زبیدہ جلال نے کہا کہ مجھے دو دستاویزات دکھائی گئیں، ایک بانی پی ٹی آئی کا نوٹ اور ایک خفیہ معاہدہ تھی۔ جو دستاویزات مجھے دکھائی گئیں اس سے قبل مجھے ان کے بارے میں معلوم نہیں تھا۔
وکلاء صفائی زبیدہ جلال کے 13 جولائی کے ریکارڈ بیان پر 20 جولائی کو جرح کریں گے۔