جموں و کشمیر کا تنازعہ ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے ، ترجمان دفتر خارجہ

جموں و کشمیر کا تنازعہ ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے ، ترجمان دفتر خارجہ

(ویب ڈیسک ) بھارت کے وزیر خارجہ کے مقبوضہ  جموں و کشمیر  سے متعلق  حالیہ بیان پر ترجمان دفتر خارجہ کابیان آگیا۔

ترجمان دفتر خارجہ  نے بیان میں کہا ہے کہ   جموں و کشمیر کا تنازعہ ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے ، اس مسئلہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جانا چاہیے، اس غیر حل شدہ تنازع کا حل جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے اہم ہے۔

ترجمان نے کہا کہ   پاکستان واضح طور پر کسی بھی ایسے بیانیے کو مسترد کرتا ہے جس سے یہ پتہ چلتا ہو کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ یکطرفہ طور پر طے ہوا ہے یا ہوسکتا ہے۔   ایسے دعوی نہ صرف گمراہ کن ہیں بلکہ خطرناک حد تک فریب ہیں،  ایسے دعوی زمینی حقائق کو صریح طور پر نظر انداز کرتے ہیں۔  

ترجمان دفترخارجہ نے  کہا کہ  بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات اس حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتے اور نہ ہی کریں گے۔   پاکستان سفارت کاری اور مذاکرات کے لیے پرعزم ہے، کسی بھی دشمنانہ کارروائی کا غیرمتزلزل عزم کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے  مزید کہا کہ   جنوبی ایشیا میں حقیقی امن و استحکام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق کے مطابق تصفیے سے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔   پاکستان، بھارت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے بارے میں اپنی اشتعال انگیز بیان بازی اور بے بنیاد دعوے ترک کردے اور ایسے بیانات کی بجائے جموں و کشمیر کے تنازعہ کے منصفانہ، پرامن اور دیرپا حل اور پائیدار امن کے لیے بامعنی مذاکرات میں کی طرف آئے۔

Watch Live Public News