ویب ڈیسک: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا، جہاں 100 انڈیکس میں 1400 سے زائد پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ انڈیکس بڑھ کر 1 لاکھ 40 ہزار کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
جمعے کے روز کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، اور ایک موقع پر 100 انڈیکس 1434 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 1,40,100 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا۔
اس سے ایک روز قبل بھی مارکیٹ میں غیر معمولی تیزی دیکھی گئی تھی، جب 100 انڈیکس میں 2285 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا اور کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 1,38,665 پوائنٹس پر بند ہوا۔ دن کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح 1,38,943 ریکارڈ کی گئی تھی۔
آج کے روز اسٹاک مارکیٹ میں 78 کروڑ حصص کا کاروبار ہوا، جن کی مجموعی مالیت 39.75 ارب روپے رہی۔ اس دوران مارکیٹ کی مجموعی مالیت (مارکیٹ کیپٹلائزیشن) 204 ارب روپے بڑھ کر 16,617 ارب روپے تک جا پہنچی۔