ویب ڈیسک: آسکر ایوارڈ یافتہ معروف آئرش اداکارہ برینڈا فریکر 81 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں، اُن کی موت کے بعد عالمی فلمی صنعت ایک باصلاحیت اور منفرد فنکارہ سے محروم ہو گئی ہے۔
برینڈا فریکر مائی لیفٹ فُٹ، ہوم الون 2 ، لاسٹ ان نیو یارک اور بی بی سی کے مقبول طبی ڈرامے "Casualty" سمیت متعدد کامیاب منصوبوں میں اپنی شاندار پرفارمنس کے لیے جانی جاتی تھیں۔
انہوں نے 1990 میں فلم "My Left Foot" میں بہترین معاون کردار ادا کرنے پر اکیڈمی ایوارڈ (آسکر) اپنے نام کیا اور یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی آئرش اداکارہ بنیں۔
فروری 1945 میں آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں پیدا ہونے والی برینڈا فریکر نے اپنے فنی سفر کا آغاز 1970 کی دہائی میں تھیٹر اور ٹیلی ویژن سے کیا۔ بعد ازاں انہوں نے فلم، ٹی وی اور اسٹیج پر کئی دہائیوں تک اپنی غیرمعمولی اداکاری سے ناظرین اور ناقدین کو یکساں متاثر کیا۔
ان کے ایجنٹ فل بیل فیلڈ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ برینڈا فریکر جیسی شخصیت دوبارہ پیدا ہونا مشکل ہے۔
انہوں نے کہامیرے لیے یہ باعثِ اعزاز تھا کہ مجھے ان کے ساتھ کام کرنے اور انہیں قریب سے جاننے کا موقع ملا۔"
فل بیل فیلڈ کا مزید کہنا تھا کہ برینڈا فریکر ہمیشہ دنیا بھر کے لاکھوں فلم بینوں اور مداحوں کی یادوں میں زندہ رہیں گی۔
برینڈا فریکر کے انتقال پر دنیا بھر سے اداکاروں، فلم سازوں، مداحوں اور شوبز شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہیں عالمی سنیما کی ایک باوقار، باصلاحیت اور بااثر اداکارہ کے طور پر خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔